اسلام آباد (آئی پی ایس )صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف سکیورٹی فورسز کی مثر کارروائیاں قومی امن کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کی پزیرائی کی ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آپریشن کے دوران 10 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے اور دو خودکش بمبار خواتین سمیت ان کے سہولت کار کو گرفتار کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگرد بلوچستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم افواجِ پاکستان کے وطنِ عزیز کی حفاظت کے غیرمتزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ اور سوراب میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔ سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان ہمارے سر کا تاج اور اصل ہیرو ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کا صفایا کرنے والے جری سپوتوں پر قوم کو ناز ہے۔
