ہومپاکستانآزاد کشمیر بحران، بلاول بھٹو کی ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن قائم کرنیکی تجویز

آزاد کشمیر بحران، بلاول بھٹو کی ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن قائم کرنیکی تجویز

مظفر آباد(آئی پی ایس )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے حالیہ بحران کے حل کے لیے ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن قائم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کمیشن کے قیام تک احتجاج کرنے والے اپنا احتجاج ختم کریں، جبکہ حکومت بھی کمیشن کی رپورٹ آنے تک کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرے۔آزاد کشمیر کے علاقے ڈڈیال میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تاریخ کا یہ سب سے اہم انتخاب ہے۔

سیاست صرف اقتدار حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ سیاستدان کی ذمہ داری عوام کی خدمت کرنا، ان کی آواز ایوانوں اور دنیا بھر تک پہنچانا ہوتی ہے۔قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے انہیں عوام کی خدمت کا درس دیا۔ بینظیر بھٹو کا یہ پیغام تھا کہ جہاں غریب اور محروم عوام بستے ہیں، وہاں پاکستان پیپلز پارٹی موجود ہوتی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس انداز میں کشمیری عوام کی آواز حکمرانوں تک پہنچنی چاہیے تھی، بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو سکا اور سیاستدان اپنی ذمہ داری پوری طرح ادا نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کشمیری مائیں اور بہنیں رو رہی ہیں تو ہمیں بھی ان کے دکھ کا احساس ہے اور ان کے غم میں ہماری آنکھوں سے خون کے آنسو نکلتے ہیں۔آزاد کشمیر کے حالیہ بحران کے تناظر میں ایک ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن قائم کیا جانا چاہیے، جو غیرجانبدارانہ انداز میں تمام واقعات کی تحقیقات کرے اور حقائق قوم کے سامنے لائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی ایسا راستہ ہے جس سے ریاست، حکومت اور احتجاج کرنے والے مل کر اس بحران کا پائیدار حل نکال سکتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے احتجاج کرنے والوں سے اپیل کی کہ اگر یہ کمیشن قائم کر دیا جائے تو وہ اپنی احتجاجی تحریک اس وقت تک معطل کر دیں جب تک کمیشن اپنی تحقیقات مکمل کرکے یہ تعین نہ کر دے کہ کون درست تھا اور کس نے قانون کی خلاف ورزی کی۔اگر احتجاج کرنے والے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہیں تو پیپلز پارٹی حکومت سے بھی مطالبہ کرے گی کہ کمیشن کی کارروائی مکمل ہونے اور حقائق سامنے آنے تک کسی فرد کے خلاف کوئی قانونی یا انتظامی کارروائی نہ کی جائے۔پیپلز پارٹی کی جانب سے دی گئی اس تجویز پر تاحال کوئی جواب سامنے نہیں آیا، جبکہ آزاد کشمیر گزشتہ ایک ماہ سے ایسے بحران کا شکار ہے جس پر پوری دنیا کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام فریق تحمل، مذاکرات اور انصاف کے راستے کو اختیار کریں تاکہ کشمیری عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔