ہومپاکستانپاکستان کی ریاض میں سعودی کمپنی کی عمارت پر حملے کی شدید مذمت، حوثیوں سے حملے بند کرنے کا مطالبہ

پاکستان کی ریاض میں سعودی کمپنی کی عمارت پر حملے کی شدید مذمت، حوثیوں سے حملے بند کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان نے ریاض میں سعودی آئل کمپنی آرامکو کی انتظامی عمارت پر حوثیوں کے حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے حوثیوں سے سعودی عرب پر حملے فوری روکنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں پاکستان نے حوثیوں کی جانب سے سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی شدید مذمت کی۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا انسانی جانوں اور علاقائی سلامتی کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہے۔
پاکستان نے حوثیوں سے سعودی عرب کے خلاف تمام حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سعودی حکام کی بروقت جوابی کارروائی کو سراہا اور ایک بار پھر سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ غیر مشروط طور پر مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان نے واضح کیا کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں، سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی بھائیوں اور بہنوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔