ہومپاکستانپی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس، نئے مالی سال کے سرپلس بجٹ، کھلاڑیوں کے معاوضوں میں اضافے سمیت اہم فیصلوں کی منظوری

پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس، نئے مالی سال کے سرپلس بجٹ، کھلاڑیوں کے معاوضوں میں اضافے سمیت اہم فیصلوں کی منظوری

لاہور(آئی پی ایس )پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز نے نئے مالی سال 27-2026 کے سرپلس بجٹ، ڈومیسٹک کرکٹ کے فنڈز میں ایک ارب روپے کے اضافے، اور ڈومیسٹک و قومی کھلاڑیوں کے معاوضوں میں اضافے سمیت کئی اہم فیصلوں کی متفقہ منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت لاہور میں منعقدہ بورڈ آف گورنرز کے 84ویں اجلاس میں کیے گئے، جس میں پی ایس ایل 12 کے بجٹ کی منظوری کے ساتھ ساتھ پاکستان سپر لیگ کو انتظامی و مالیاتی طور پر مکمل طور پر خودمختار بنانے کا بھی بڑا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے اس کے بجٹ کو 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کی منظوری دی گئی، جس کے تحت کھلاڑیوں کے معاوضوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔
نئے فیصلے کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے کے ساتھ ساتھ قائد اعظم ٹرافی کے کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے اور ریزرو کھلاڑیوں کی میچ فیس 15 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں نئے سنٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ اور ادائیگی کے طریقہ کار کی بھی توثیق کی گئی ہے۔کرکٹ انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بورڈ نے نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم کراچی اور دیگر منصوبوں کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے کے بھاری فنڈز مختص کیے ہیں۔ مزید برآں، ملک بھر میں 12 اضافی کرکٹ گرانڈز کو فعال کرنے، وہاں کے ہیومن ریسورس کے لیے فنڈز فراہم کرنے، اور ریجنل گرانڈ سٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
اجلاس میں ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں کھلاڑیوں کی سہولت کے لیے بائیو میکینس مشین لگانے اور خواتین کی کرکٹ کے لیے ویمنز ون ڈے اور ٹی ٹو نٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد سمیت ان کے فنڈز بھی مخصوص کیے گئے ہیں۔اجلاس کی باقاعدہ کارروائی کے دوران بی او جی کے گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق کی گئی، جس کے بعد چیف فنانشل آفیسر پی سی بی جاوید مرتضی نے نئے مالی سال کے بجٹ کے خدوخال اور اعدادوشمار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس اہم اجلاس میں بی او جی ممبران انوار غنی، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، اسماعیل قریشی، سجاد کھوکھر، تنویر احمد اور عدنان ملک نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ سابق مایہ ناز کرکٹر ظہیر عباس، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن میر حسن نقوی، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر اور پی سی بی کے تمام ڈائریکٹرز اور دیگر اعلی حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔