اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی بجٹ کی کامیاب تیاری اور پیش کرنے پر اپنی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں ایک متوازن، عوام دوست اور ترقی پر مبنی بجٹ کی تیاری پوری ٹیم کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور باہمی تعاون کا نتیجہ ہے۔
وزیراعظم نے بالخصوص وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اکنامک افئیر ڈویژن احد چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی ، وزیر اعظم کے مشیر سید توقیر شاہ، سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال، وزارتِ خزانہ، ایف بی آر، پلاننگ ڈویژن اور متعلقہ اداروں کے افسران و ماہرین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ٹیم نے قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ایک ایسا بجٹ مرتب کیا ہے جو معاشی استحکام، مالیاتی نظم و ضبط، سرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پوری معاشی ٹیم اسی جذبے اور عزم کے ساتھ ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔
وزیراعظم کا مالیاتی ٹیم کو کامیاب بجٹ پیش کرنے پر خراجِ تحسین
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

