Monday, June 8, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانبرطانیہ کا بڑا اعلان، پاکستان کے 11کاروباری ادارے کلائمیٹ فنانس ایکسیلیریٹر کیلئے منتخب، ہائی کمشنر جین میریٹ کاخراج تحسین

برطانیہ کا بڑا اعلان، پاکستان کے 11کاروباری ادارے کلائمیٹ فنانس ایکسیلیریٹر کیلئے منتخب، ہائی کمشنر جین میریٹ کاخراج تحسین

اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان میں ماحول دوست ٹیکنالوجی اور کم کاربن معیشت کے فروغ کے لیے ایک سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ برطانیہ کے مالی تعاون سے چلنے والے باوقار پروگرام کلائمیٹ فنانس ایکسیلیریٹر (سی ایف اے)پاکستان نے سال 2026 کے تعلیمی و تربیتی دورانیے کے لیے ملک کے 11 ممتاز اور اختراعی کاروباری اداروں(اسٹارٹ اپس)کا حتمی انتخاب کر لیا ہے۔اس پروگرام کا بنیادی مقصد پاکستان کے ایسے ماحول دوست منصوبوں کی معاونت کرنا ہے جو کاربن کے اخراج میں کمی لانے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے اور بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاری حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔منتخب کیے گئے ان 11 کاروباری اداروں کا جائزہ ایک انتہائی سخت اور شفاف عمل کے بعد لیا گیا ہے۔ ان کا انتخاب توانائی، ماحول دوست ٹرانسپورٹ، ویسٹ مینجمنٹ(کچرے کی تلفی)، سرکلر اکانومی، جدید زراعت، ماحول دوست تعمیرات اور مالیاتی شمولیت جیسے اہم ترین شعبوں میں ماحولیاتی لچک پیدا کرنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

یہ پروگرام دراصل پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت، سبز معاشی ترقی اور خاص طور پر نجی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے کے لیے برطانوی حکومت کی وسیع تر تزویراتی معاونت کا ایک اہم حصہ ہے۔ عالمی سطح پر کلائمیٹ فنانس ایکسیلیریٹر اب تک دنیا کے مختلف ممالک میں 230 سے زیادہ گرین پروجیکٹس کی تکنیکی و مالی معاونت کر چکا ہے اور مجموعی طور پر 500 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے میں کامیاب رہا ہے۔اس عالمی فنڈنگ میں سے اب تک تقریبا 40 ملین ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری پاکستان کے حصے میں آئی ہے، جو ملکی گرین سیکٹر کے لیے ایک بڑی کامیابی تسلیم کی جا رہی ہے۔

اس اہم موقع پر پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اپنے خصوصی پیغام میں پاکستانی ٹیلنٹ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے شدید ترین متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہے، تاہم اس چیلنج کے باوجود ملک کے نوجوانوں اور کاروباری برادری کے پاس ایسی جدت، غیر معمولی صلاحیت اور ٹیلنٹ موجود ہے جو عالمی موسمیاتی مسائل کے مقامی اور پائیدار حل پیش کر سکتا ہے۔برطانوی ہائی کمشنر نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کلائمیٹ فنانس ایکسیلیریٹر کے ذریعے برطانیہ، پاکستانی کاروباروں کو ان کے جدید خیالات کو تجارتی اور سرمایہ کاری کے قابل منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔اس اقدام سے نہ صرف ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی ترقی کو رفتار ملے گی، بلکہ ایک صاف، ماحول دوست اور زیادہ مضبوط مستقبل کی بنیاد بھی رکھی جا سکے گی۔پروگرام کی شرائط کے مطابق، منتخب ہونے والے ان تمام 11 اداروں کو آئندہ 5 ماہ تک مالیاتی، تکنیکی اور کاروباری ماہرین کی جانب سے گروپ اور انفرادی سطح پر خصوصی تربیت اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔اس معاونت کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں صنفی مساوات ، معذور افراد کی شمولیت اور سماجی ہم آہنگی کے ماہرین بھی شامل ہوں گے، تاکہ ان منصوبوں کو عالمی سماجی معیارات کے مطابق ڈھالا جا سکے۔ اس جامع تربیت کا مقصد ان کمپنیوں کی بین الاقوامی مارکیٹ سے سرمایہ کاری حاصل کرنے کی اندرونی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔