Monday, June 8, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانوفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف کی ملاقات،میڈیا و ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف کی ملاقات،میڈیا و ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان اور ازبکستان کی مشترکہ تاریخ و ثقافتی ورثہ کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وہ پیر کو یہاں ملاقات کے لئے آئے ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف سے گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان فلم سازی کے شعبے میں تعاون بڑھانے سمیت میڈیا، فلم اور ثقافتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

ازبکستان کے سفیر نے خطے میں امن کے قیام اور اسلام آباد امن مذاکرات میں پاکستان کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ازبکستان کے ساتھ مل کر مختصر فلم، دستاویزی فلم یا ڈرامہ سیریز کے آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے، اس نوعیت کے منصوبوں کے لئے تجربہ کار پروڈکشن اداروں کی شمولیت ضروری ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مشترکہ فنڈنگ کے ذریعے بڑے پیمانے پر فلمی منصوبے کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان اور ازبکستان کی مشترکہ تاریخ و ثقافتی ورثہ کو اجاگر کرنے پر زور دیا، اس مقصد کیلئے دونوں جانب سے سوشل میڈیا ٹیمز کے درمیان رابطوں کے فروغ، مشترکہ ڈیجیٹل مواد کی تیاری اور مربوط آن لائن تشہیری حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان میڈیا اداروں کے مابین تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی، اس ضمن میں دونوں جانب سے صحافیوں کے مطالعاتی دورے بھی اہم پیشرفت ثابت ہوں گے۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور میڈیا تعلقات کو نئی جہت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔