Monday, June 8, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانسوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے نان فائلرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے نان فائلرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد (آئی پی ایس )فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے سوشل میڈیا پر دولت اور پرتعیش طرزِ زندگی کی نمائش کرنے والے نان فائلرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایسے افراد کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے جن میں ان سے آمدن، اثاثوں اور ٹیکس سے متعلق تفصیلات طلب کی جائیں گی۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے ایسے افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو سوشل میڈیا پر اپنی دولت، قیمتی گاڑیوں، جائیدادوں اور پرتعیش طرزِ زندگی کی نمائش کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایف بی آر نے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے نان فائلرز کے خلاف کارروائی کا لائحہ عمل تیار کر لیا ہے اور ایسے افراد کو باقاعدہ نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔نوٹسز میں متعلقہ افراد سے ان کی آمدن، اثاثوں، جائیدادوں اور مالی ذرائع کی تفصیلات طلب کی جائیں گی تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ ان کی ظاہر کردہ زندگی اور ٹیکس ریکارڈ میں کس حد تک مطابقت موجود ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے افراد کا جامع ڈیٹا اکٹھا کر لیا ہے۔ ان افراد کی شناخت اور معلومات کے حصول کے لیے نادرا نے بھی معاونت فراہم کی ہے۔حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ایسے افراد کو اپنے ٹیکس معاملات درست کرنے اور گوشوارے جمع کرانے کا موقع دیا جائے گا۔ متعلقہ افراد کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ 30 ستمبر تک اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرائیں اور اپنی مالی معلومات ایف بی آر کو فراہم کریں۔رپورٹ کے مطابق مقررہ مدت تک گوشوارے جمع نہ کرانے یا تسلی بخش جواب نہ دینے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ایف بی آر کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا اور ایسے افراد کو ٹیکس نظام میں لانا ہے جو بظاہر مالی طور پر مستحکم ہونے کے باوجود ٹیکس ریکارڈ میں شامل نہیں ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔