Thursday, May 21, 2026
ہومپاکستانوزیراعظم سے برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول کی ملاقات ،دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

وزیراعظم سے برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول کی ملاقات ،دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

اسلام آباد (سب نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول کی وزیراعظم ہاوس میں ملاقات ہوئی۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور سیکرٹری نیشنل سکیورٹی ڈویژن جناب ساجد بلوچ بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے برطانیہ کے ساتھ، جو پاکستان کا ایک دیرینہ اسٹریٹجک شراکت دار ہے، مضبوط، مثبت اور مستقبل پر مبنی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ ماہ دونوں رہنماوں کے درمیان ہونے والی خوشگوار اور دوستانہ ٹیلیفونک گفتگو کا ذکر کیا، جس میں دونوں رہنماں نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی مشترکہ خواہش کا اظہار کیا تھا۔
جوناتھن پاول نے علاقائی سفارت کاری میں پاکستان کے تعمیری کردار، خصوصا خطے میں مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے برطانوی حکومت کی جانب سے پزیرائی کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان کی موثر معاشی اصلاحات پر وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ برطانوی حکومت سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔