نئی دہلی (آئی پی ایس )بھارت نے نئی دہلی میں برکس وزرائے خارجہ اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیے کے بجائے چیئر اسٹیٹمنٹ جاری کر دی۔چیئر اسٹیٹمنٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرقِ وسطی کی صورتحال پر بعض برکس رکن ممالک کے درمیان اختلاف رائے تھا۔
اعلامیے کے مطابق برکس وزرائے خارجہ نے غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنے اور مکمل اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا جبکہ غزہ میں فوری، مستقل اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔برکس ممالک نے یکطرفہ جبر پر مبنی اقدامات اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظوری کے بغیر عائد پابندیوں کی مذمت کی۔اعلامیے میں بحیرہ احمر اور باب المندب میں جہازرانی کے حقوق اور آزادی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔برکس ممالک نے عالمی تجارتی تنظیم کے قواعد کے خلاف یکطرفہ ٹیرف اور غیر ٹیرف اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار بھی کیا۔
