اسلام آباد(آئی پی ایس ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے چین کی صنعتی ترقی کو ابھرتی ہوئی معیشتوں کے لیے روشنی کا مینارہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز میں بھی پالیسی سازوں کے لیے لازم ہے کہ وہ مستقل پالیسیاں اپنائیں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے لیے سازگار ماحول پیدا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے شہر گوانگزو کے ایک ہفتے کے دورے سے واپسی کے بعد پیر کو یہاں چیمبر ہاوس میں تاجر رہنماں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
یاد رہے کہ دورے کے دوران انہوں نے چینی ہم منصبوں کے ساتھ اعلی سطحی ملاقاتیں کیں اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے گوانگزو انٹرنیشنل کوآپریشن سینٹر کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کاروباری ادارے سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش میں پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، خاص طور پر مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر کی ترقی اور تعمیرات اور رئیل اسٹیٹ جیسے شعبوں میں۔انہوں نے کہا کہ چینی تاجروں نے پاکستان میں اور خاص طور پر اسلام آباد میں مشترکہ منصوبوں میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر نے اس بات پر زور دیا کہ اس صورتحال کا مکمل فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستان کو ایک مستحکم اور کاروبار دوست ماحول کو یقینی بنانا ہوگا۔
انہوں نے ریمارکس دیئے کہ “پالیسی میں تسلسل، کاروبار کرنے میں آسانی، اور سرمایہ کاروں کا اعتماد پائیدار غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کلیدی شرائط ہیں۔”انہوں نے مزید کہا کہ جی آئی سی سی کے ساتھ ایم او یو براہ راست بزنس ٹو بزنس (B2B) میچ میکنگ، تجارتی وفود کے تبادلے اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے ایک عملی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔اس موقع پر سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر عرفان چوہدری، کونسل ممبر چوہدری مسعود، ایگزیکٹو ممبران عمران منہاس، آفتاب گجر، عبدالرحمن صدیقی، اسحاق سیال، ذوالقرنین عباسی، سابق ایس وی پیز خالد چوہدری، نوید ملک، آئی سی سی آئی کے سینئر ممبر اسرار مشوانی، شیخ ہارون حیات اور دیگر بھی موجود تھے۔
