اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کی بڑی کارروائی ، شاہین ٹائون فیز 4کے سائٹ آفسز سیل کر دیئے گئے ، اس سے قبل سی ڈی اے نے غیر قانونی ہاوسنگ اسکیموں اور غیر منظور شدہ تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے شاہین ٹاون ہاوسنگ اسکیم سمیت مختلف منصوبوں کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا ،شاہین ٹائون سے متعلق پولیس کی رپورٹ تھی کہ لوگوں سے فائلوں کی مد میں پیسے وصول کئے جا رہے ہیں ۔
سی ڈی اے کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق راجہ ذوالقرنین حیدر آف چراہ، ایم/س شاہین ٹاون، تمائر گاوں، بن کڑور روڈ، آف لہتراڑ روڈ، تھانہ نولہ اسلام آباد پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے سی ڈی اے کی منظوری، لے آوٹ پلان (ایل او پی)اور این او سی کے بغیر ترقیاتی کام اور تعمیرات شروع کیں۔نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کے زون 2، 4 اور 5میں کسی بھی ہاوسنگ اسکیم کو سی ڈی اے کی اجازت کے بغیر لانچ یا ڈیویلپ نہیں کیا جا سکتا۔ خلاف ورزی پر مذکورہ تعمیرات کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔سی ڈی اے نے ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر تمام غیر قانونی ترقیاتی کام، پلاٹوں کی خرید و فروخت، مارکیٹنگ اور تعمیرات بند کی جائیں، اور غیر قانونی تعمیرات کو 7 دن کے اندر ختم کیا جائے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر احکامات پر عمل نہ کیا گیا تو عمارتوں کو مسمار کرنے اور زمین کے استعمال کو بند کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔سی ڈی اے نے عدالتی فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بغیر منظوری کسی بھی قسم کی ہاوسنگ اسکیم یا تعمیرات غیر قانونی تصور ہوں گی۔


