اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی پولیس نے وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشنز کرتے ہوئے سینکڑوں غیر قانونی مقیم افغان شہریوں اور ہزاروں مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سال 2026 کے ابتدائی چار ماہ کے دوران شہر کے مختلف حصوں میں مجموعی طور پر 685 سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کرنا تھا۔ ان کارروائیوں کے دوران 65 ہزار 581 افراد کی شناخت پریڈ کی گئی جبکہ 28ہزار 603گھرانوں کی مکمل چیکنگ کی گئی۔پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی آڈٹ کے دوران شہر بھر میں 7ہزار 688دکانوں اور 2 ہزار 596 ہوٹلوں کی بھی تلاشی لی گئی۔
ان سرچ آپریشنز کے نتیجے میں 370غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں اور 3 ہزار 348 مشکوک افراد کو فوری طور پر تھانوں منتقل کردیا گیا جہاں ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ان کارروائیوں میں منشیات فروشوں کے خلاف بھی اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جن کے قبضے سے 7کلو چرس، 6کلو ہیروئن اور 5کلو آئس برآمد کی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اس قسم کے آپریشنز کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔
