Sunday, April 19, 2026
ہومپاکستانامریکی نمائندے مذاکرات کے لیے کل اسلام آباد پہنچیں گے ،جے ڈی وینس مذاکرات کے دوسرے دور میں بھی امریکی وفد کی قیادت کرینگے

امریکی نمائندے مذاکرات کے لیے کل اسلام آباد پہنچیں گے ،جے ڈی وینس مذاکرات کے دوسرے دور میں بھی امریکی وفد کی قیادت کرینگے

اسلام آباد (سب نیوز)عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ نے دعوی کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات آئندہ جمعہ سے پہلے متوقع ہیں، جب کہ اسلام آباد میں غیرمعمولی سیکیورٹی انتظامات اور سرگرمیاں اس امکان کو تقویت دے رہی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ امریکی نمائندے مذاکرات کے لیے کل اسلام آباد پہنچیں گے تاہم ایران کی جانب سے مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کے حوالے سے تاحال کوئی واضح موقف سامنے نہیں آیا ہے۔
الجزیرہ نے اپنی ایک رپورٹ میں پاکستانی حکام کے حوالے سے بتایا کہ ان کے اندازے کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات آئندہ چند روز میں متوقع ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نتیجہ مختلف زمینی حقائق اور حالیہ سرگرمیوں کی بنیاد پر اخذ کیا گیا ہے۔رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امریکی فضائیہ کے دو کارگو طیارے راولپنڈی کے نور خان ایئربیس پر لینڈ کر چکے ہیں جبکہ ایئرپورٹ سے ریڈ زون تک جانے والی سڑکوں کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے ہفتے کی شب قوم سے خطاب میں کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی میں پھر اضافے کا امکان ہے تاہم مذاکرات کا عمل جاری ہے اور ایران ہر ضروری اقدام کے لیے تیار ہے۔باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت مختلف ممالک کے ذریعے ایران تک تجاویز پہنچائی گئی ہیں جن کا سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پائیدار امن کا خواہاں ہے لیکن امریکا پر عدم اعتماد برقرار ہے۔ انہوں نے اس خواہش ظاہر کی کہ ایران ایسا مستقل حل چاہتا ہے جو جنگ بندی کے بعد دوبارہ تصادم کے خطرات کو ختم کر سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔