Sunday, April 19, 2026
ہومپاکستانافرادی قوت کی 2025 میں بیرون ملک روانگی میں پی ای راولپنڈی کا ریکارڈ 26.45فیصد حصہ، راولپنڈی 2026 میں بھی 52 ہزار رجسٹریشنز کے ساتھ سرفہرست

افرادی قوت کی 2025 میں بیرون ملک روانگی میں پی ای راولپنڈی کا ریکارڈ 26.45فیصد حصہ، راولپنڈی 2026 میں بھی 52 ہزار رجسٹریشنز کے ساتھ سرفہرست

راولپنڈی(سب نیوز) پروٹیکٹوریٹ آف ایمیگرنٹس (پی ای)راولپنڈی ملکی افرادی قوت کو بیرون ملک بھیجنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے سرفہرست آگیا ہے، جس نے سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 7 لاکھ 63 ہزار 526 پاکستانیوں کی بیرون ملک روانگی میں 26.45 فیصد حصہ ڈالا جبکہ 2026 میں اپریل کے وسط تک ملک بھر سے مجموعی طور پر 2 لاکھ 21 ہزار 525 ورکرز رجسٹرڈ ہوئے ہیں، جن میں راولپنڈی آفس 52,000 رجسٹریشنز کے ساتھ تمام علاقائی دفاتر میں سب سے آگے ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پروٹیکٹوریٹ آفس راولپنڈی عبدالشکور سومرو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ خطہ بین الاقوامی جاب مارکیٹ میں افرادی قوت فراہم کرنے والا سب سے بڑا مرکز بن کر ابھرا ہے۔ سال 2025 میں بیرون ملک جانے والوں کی قومی شرح میں 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس میں راولپنڈی آفس کے علاقے راولپنڈی ،اٹک،چکوال،جہلم، منڈی بہاوالدین ،اسلام آباد ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے اضلاع کا کردار انتہائی اہم رہا۔
عبدالشکور سومرو نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین، وفاقی سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور ڈی جی بیورو آف امیگریشن جاوید ضیا کی براہ راست نگرانی میں دفتر کے طریقہ کار کو انتہائی سہل بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب دستاویزات کی جانچ کے بعد محض دو سے تین گھنٹوں میں پروٹیکٹر کلیئرنس جاری کر دی جاتی ہے، اور ڈیٹا کو فوری طور پر متعلقہ سفارت خانوں اور ایف آئی اے کے ساتھ منسلک کر دیا جاتا ہے تاکہ مسافروں کو کوئی پریشانی نہ ہو۔سال 2025 کے علاقائی تناسب کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سے 25,743، اٹک سے 13,769، چکوال سے 8,712، منڈی بہاالدین سے 12,037، اسلام آباد سے 8,092، آزاد کشمیر سے 27,422 اور گلگت بلتستان سے 1,626 افراد نے اس دفتر کے ذریعے پروٹیکٹر حاصل کیا۔
پیشہ ورانہ شعبوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ لیبر (مزدور)کے شعبے میں سب سے زیادہ 4 لاکھ 65 ہزار 138 ورکرز گئے، جبکہ 1 لاکھ 63 ہزار 718 ڈرائیورز، 12,703 ٹیکنیشنز اور بڑی تعداد میں انجینئرز اور ڈاکٹرز بھی بیرون ملک روانہ ہوئے۔ڈپٹی ڈائریکٹر عبد الشکور سومرو نے بیرون ملک جانے والوں کے لیے لازمی بریفنگ سیشنز کی اہمیت پر زور دیا تاکہ انہیں متعلقہ ممالک کے قوانین اور ثقافت سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے ورکرز پر زور دیا کہ وہ رقوم کی ترسیل کے لیے صرف قانونی بینکاری ذرائع استعمال کریں اور شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے کیسز صرف رجسٹرڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے ذریعے ہی پروسیس کروائیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔