اسلام آباد (آئی پی ایس )مشرق وسطی میں جاری کشیدگی کم کرنے کیلئے اسلام آباد میں آج اہم بیٹھک ہو رہی ہے جس میں پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ پاکستان کی میزبانی میں چار فریقی مزاکرات جاری ہیں جب کہ مذاکرات میں پاکستان سعودی عرب مصر اور ترکیہ کے وزیر خارجہ شریک ہیں۔سعودی وزیر خارجہ بھی چار فریقی اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد کے نور خان ائیر بیس پہنچے۔
سعودی وزیر خارجہ فرحان بن فیصل کا دورہ مشرق وسطی میں جاری حالیہ کشیدگی کے پیش نظر انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ میں جمہوریہ ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فدان اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں خطے کی کشیدہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر اہم مشاورت کی۔
ترک وزیر خارجہ ہاکان فدان سے ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور مضبوط تعلقات کو اجاگر کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، انہوں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پاک ترک وزرائے خارجہ نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماں نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوں کا جائزہ لیا، اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
