Friday, March 27, 2026
ہومبریکنگ نیوزپاسداران انقلاب کی خلیج میں امریکی فوجی مراکز کو نشانہ بنانے کی دھمکی، عوام کو دور رہنے کی ہدایت

پاسداران انقلاب کی خلیج میں امریکی فوجی مراکز کو نشانہ بنانے کی دھمکی، عوام کو دور رہنے کی ہدایت

تہران (آئی پی ایس )ایران کی پاسداران انقلاب نے خطے میں موجود امریکی اور اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنانے کی دھمکی دیتے ہوئے تمام ممالک کے عوام کو امریکی فوجی مراکز سے دور رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ایرانی سرکاری خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب نے جمعے کو آپریشن وعدہ صادق 4 کے حوالے سے ایک نیا بیان جاری کیا ہے، جس میں مغربی ایشیا کے معزز عوام کو مخاطب کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ بزدل امریکی اور صہیونی افواج، جن میں اپنے فوجی اڈوں کا دفاع کرنے کی ہمت اور صلاحیت نہیں ہے، اسلامی جنگجوں کی کارروائیوں کے خوف سے معصوم لوگوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور اس مقصد کے لیے شہری تنصیبات کو استعمال کر رہی ہیں۔

پاسداران انقلاب نے خطے کے ممالک کے عوام کو مشورہ دیا کہ امریکی اور غاصب صہیونی حکومت کی دہشت گرد فورسز کو جہاں کہیں بھی ملے ختم کرنا ہمارا فرض ہے جو ایرانی شہریوں اور رہنماں کو بے دریغ قتل کررہے ہیں لہذا ہم آپ کو تجویز دے رہے ہیں کہ امریکی فوج کے مراکز سے فوری طور پر دور ہو جائیں تاکہ آپ کو کسی بھی نقصان سے بچایا جا سکے۔

یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر اچانک حملے شروع کردیے تھے، جس کے نتیجے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور پاسداران انقلاب کے سرکردہ کمانڈرز اور دیگر شخصیات شہید ہوگئی تھیں، شہید ہونے والوں میں 160 سے زائد اسکول کی بچیاں بھی شامل تھیں۔

پاسداران انقلاب نے جواب میں اسرائیل اور خلیجی ممالک میں قائم امریکی فوجی مراکز پر میزائل اور ڈرون حملے شروع کردیے اور کئی اہداف کو نشانہ بنایا، اس دوران متعدد امریکی اور اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوئے اور اسی طرح متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، قطر اور دیگر ممالک میں بھی متعدد شہری جاں بحق ہوئے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔