Friday, March 27, 2026
ہومپاکستانایران کی صورتحال کے حوالے سے پاکستان اور چین کے مؤقف یکساں ہیں، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار

ایران کی صورتحال کے حوالے سے پاکستان اور چین کے مؤقف یکساں ہیں، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار

بیجنگ : چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ای نے پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے طے شدہ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

جمعہ کے روز اسحاق ڈار نے ایران کی موجودہ صورتحال اور اس پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا، اور پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی اور امن کی بحالی تمام فریقوں کی مشترکہ خواہش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مذاکرات کی بحالی ایک اہم مرحلے میں ہے ، اور عالمی برادری کو چاہیے کہ متعلقہ فریقوں کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی حوصلہ افزائی کرے تاکہ امن کے حصول کے لیے مؤثر راستہ نکالا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر پاکستان اور چین کے مؤقف یکساں ہیں، اور پاکستان چین کے ساتھ مل کر امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔

وانگ ای نے چین کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، اور اس تنازع پر دونوں کا مؤقف غیر جانبدار اور منصفانہ ہے، جبکہ مجموعی رائے بھی یکساں ہے۔ انہوں نے کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور ثالثی کے کردار کو جاری رکھنے کی حمایت کی۔ وانگ ای نے کہا کہ مذاکرات کا آغاز آسان نہیں، لیکن بات چیت ہی وہ راستہ ہے جو مزید جانی و مالی نقصان اور جنگ کے پھیلاؤ کو روک سکتا ہے ۔

دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ جنگ بندی کو فروغ دیں گے، مذاکرات کی بحالی کی کوشش کریں گے، غیر فوجی اہداف اور بحری راستوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے، اور اقوامِ متحدہ کے مرکزی کردار کی حمایت کریں گے۔
بات چیت میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی کے حوالے سے بھی تبادلۂ خیال کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔