پشاور(سب نیوز) خیبرپختونخوا میں سرکاری محکموں کی میٹنگز کو 100فیصد ورچوئل کرنے اور سرکاری اداروں میں 50فیصد ورک فرام ہوم نافذکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات شفیق جان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ صوبائی کابینہ نے فیول کنزرویشن اور رسپانسبل گورننس انیشیایٹو کی منظوری دیدی، وزیراعلی کی ہدایات پر دو ماہ کے لیے فیول بچت اقدامات نافذ ہوں گے، بچت اقدامات میں توسیع صورتحال کے تجزیے کے بعد ہوگی۔
شفیع جان کے مطابق سرکاری محکموں میں میٹنگزکو 100فیصد ورچوئل کرنیکافیصلہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ سرکاری گاڑیوں کے فیول الاونس میں25فیصد کمی کی منظوری دی گئی ہے، اس کٹوتی سے مجموعی کٹوتی50فیصد ہوگئی ہے جب کہ 25فیصد کٹوتی کووڈ اقدامات کے وقت سے نافذ العمل ہے تاہم پولیس، ریسکیو اورقانون نافذ کرنے والے ادارے فیول کٹوتی سے مستثنی ہوں گے۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ سرکاری دفاتر میں 50فیصد ورک فرام ہوم پالیسی متعارف کرانیکا فیصلہ کیا گیا ہے، وی آئی پی پروٹوکول گاڑیوں اور ہیلی کاپٹرکے غیرضروری استعمال میں بڑی کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ سرکاری اخراجات میں کفایت شعاری، غیر ضروری تقریبات اور سرکاری ڈنرزپربھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔شفیع جان نے کہا کہ جمعہ کے دن تعلیمی ادارے بند رکھنے کی تجویز ہے تاکہ فیول استعمال میں کمی لائی جاسکے، پیٹرول پمپس کی روزانہ مانیٹرنگ اورذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی ہوگی،کسانوں اور گندم کٹائی کیلئے ڈیزل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
خیبرپختونخوا، سرکاری محکموں کی میٹنگز 100فیصد ورچوئل ہونگی، 50فیصد ورک فرام ہوم نافذ کرنے کا فیصلہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
