Thursday, May 7, 2026
ہومبریکنگ نیوزمعرکہ حق میں اہم ٹارگٹس ہمارے نشانے پر تھے، امریکی صدر نے بھارت کو بڑے نقصان سے بچایا: وزیر داخلہ

معرکہ حق میں اہم ٹارگٹس ہمارے نشانے پر تھے، امریکی صدر نے بھارت کو بڑے نقصان سے بچایا: وزیر داخلہ

اسلام آباد: (آئی پی ایس) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے معرکہ حق میں اللہ کی مدد سے پاکستان کو کامیابی ملی جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اللہ کی خصوصی مدد حاصل ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاکستان کو کامیابی ملی، ملک بھر میں معرکہ حق سے متعلق تقریبات ہورہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا بھارت نے چھوٹے اور درمیانے سائز کے ڈرون ہمارے مختلف علاقوں میں بھیجے، بھارتی ڈرون تھوڑی تعداد میں پاکستان پہنچے، اکثر ڈرونز کو بارڈر پر ہماری رینجرز نے تباہ کیا، بھارت کی کوشش تھی کہ سائبر حملےکرے، لیکن سائبر حملوں میں بھارت ہمارے نزدیک بھی نہیں آتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے معرکہ حق میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا، یہ بتانا ضروری ہے کہ ہم نے معرکہ حق میں کیا کیا، پاکستان بھارت جنگ میں ڈرونز کا استعمال بہت تواتر سے ہوا جو پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔
ان کا کہنا تھا نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم کے گھر کے اوپر ہمارے ڈرون گھومتے رہے جس سے بھارتی خوف میں مبتلا تھے، ہمارا ٹارگٹ بھارتی سویلین شہری نہیں تھے جبکہ انہوں نے ہماری سول آبادی کو نشانہ بنایا، ہمارے رینجرز بارڈر کےبالکل ساتھ موجود تھے،بھارت کو سفید جھنڈے لہرانے پڑے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا بھارت سے جنگ میں پاکستانی میڈیا کا کردار قابل تعریف رہا، ہمارے میڈیا نے ایک پیغام کے ذریعے پوری قوم کو اکٹھا کیا، معرکہ حق میں پاکستانی میڈیا کے کردار کی بھی کوئی مثال نہیں ملتی جبکہ بھارتی میڈیا مسلسل کنفیوژ تھا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا فیلڈ مارشل کو اللہ کی خصوصی مدد حاصل ہے، میں نے جس جس ملک میں جو جو ہوتے دیکھا پھر کبھی بتاؤں گا لیکن یہ اللہ کا فیلڈ مارشل پر خاص کرم ہے، اس وقت ہماری افواج نے کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا بھارت نے جنگ بندی سے قبل ہماری بیس پر حملہ کیا تھا، ہم نے آخر میں بہت تنگ جگہ پر حملہ کیا لیکن ان کا سب سے بڑا آئل ڈیپو تباہ ہوا، درجنوں ایسی چیزیں ہوئیں کہ انسان سوچتا ہے یہ ممکن کیسے ہو سکتا تھا؟ بھارت کے بڑے ٹارگٹس ہمارے نشانے پر تھے، ان کے جہاز، ان کی بحری تنصیبات ہمارے نشانے پر تھیں، تبھی بھارت جنگ بندی کرانے پہنچا۔

سینیٹر محسن نقوی کا کہنا تھا ہم اپنی انٹیلجنس ایجنسیوں کی بات نہیں کرتے جو بروقت کردار ادا نہ کرتے تو یہ ممکن نہ ہوتا، ہماری دونوں انٹیلی جنس ایجنسیوں پر لوگ تنقید کرتے ہیں لیکن آپریشن بنیان مرصوص میں ان کا مرکزی کردار تھا، اگر آپ کو پہلے سے پتا ہو کہ کیا ہونے والا ہے تو تیاری مکمل ہوتی ہے، ہمیں بھارت سے ہر تفصیل ایسے آ رہی تھی جیسے وہ ہمارا اپنا ملک ہو، ہماری خفیہ ایجنسیوں نے جو کیا اس پر تو میں خود حیران تھا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا پاک بھارت جنگ کے دوران امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت کو بڑے نقصان سے بچایا، معرکہ حق میں بھارت کو اتنا نقصان پہنچا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف مزید کوئی مہم جوئی کرنے سے پہلے کئی بار سوچے گا۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا میں نے امریکا ایران معاملات کو ٹوٹتے جڑتے دیکھا ہے، امریکا ایران جنگ بندی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں پر بھروسہ رکھیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔