اسلام آباد:(سب نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت میں عدت میں نکاح کیس کی سماعت کے دوران خاور مانیکا پر مبینہ تشدد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جہاں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران نعیم حیدر پنجھوتھا اور عثمان ریاض کی جانب سے دہشت گردی کی دفعات کے حوالے سے دائر درخواست پر دلائل مکمل نہ ہوسکے۔
عدالت نے ملزم انصر کیانی کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر آج انصر کیانی پیش نہ ہوئے تو ان کے وارنٹ جاری کیے جائیں گے اور مچلکے بھی ضبط ہوں گے۔
جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس میں کہا کہ عام شہری اور وکیل کے لیے الگ الگ قانون نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہی چیزوں کی وجہ سے ہم دنیا میں 126ویں نمبر پر موجود ہیں۔
عدالت نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ سماعت پر بھی دلائل نہ ہوئے تو عدالت ریکارڈ کا جائزہ لے کر درخواست پر فیصلہ کرے گی۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 12 مئی تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے وکلاء کے خلاف تھانہ رمنا میں خاور مانیکا پر تشدد کا مقدمہ درج ہے۔
