اسلام آباد: (آئی پی ایس) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے عوام کو معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ایک سال بعد بھی پہلگام کے حوالے سے ثابت سامنے نہیں لا سکا، بھارت کا دہشت گردی ڈرامہ ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا۔
پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے افسران کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ عسکری قیادت کے وژن کے مطابق اپنے سے بڑے دشمن کو شکست دی، افواج پاکستان قوم کی توقعات پر ہمیشہ پوری اتری ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ معرکہ حق میں جو کچھ ہوا پاکستان ہی نہیں ہندوستان کا بھی بچہ بچہ جانتا ہے، ہم نے ایک سال پہلے بھارت کا غرور خاک میں ملادیا، پہلگام واقعہ پر بغیر تحقیقات لمحوں میں پاکستان پر الزام لگا دیا گیا، بھارت کئی دہائیوں سے یہ جھوٹا بیانیہ بنا رہا تھاکہ پاکستان دہشت گردی میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پہلگام کے حوالے سے آج تک ثبوت سامنے نہیں لاسکا، پاکستان پر الزامات لگانے والے خود سب سے بڑے دہشتگرد ہیں، بھارت کا پاکستان مخالف دہشت گردی بیانیہ ہمیشہ کے لیے دفن ہو گیا، بھارت مکاری سے بیانیہ بنا کر پاکستان میں دہشت گردی کرتا ہے، افواجِ پاکستان ہر محاذ پر تیار ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارت نے بیانیے کیلئے فالز فلیگ آپریشن کیے، بھارت کے سیاست دان کم اور جنگجو زیادہ لگتے ہیں، خطے میں امن کیلئے سب سے زیادہ کوششیں پاکستان کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل کم کرنے کے بجائے بڑھا رہا ہے، کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں، کشمیر عالمی سطح پر تسلیلم شدہ حل طلب معاملہ ہے، کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، بھارت جھوٹ بولنے سے باز آئے اور سچی بات بتائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام واقعہ کو ایک سال گزر گیا ہے ثبوت کہاں ہیں؟ ہم سال پہلے بھی تیار تھے ہم آج بھی تیار ہیں، یہ جنگ فضا، زمین ، سمندر، سائبر میں بھی تھی، ہم نے ہر محاذ پر دشمن کو شکست دی۔
