اسلام آباد (آئی پی ایس )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں کشیدگی فوری روکنے پر زور دیا گیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کی جانب سے اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا گیا، جس میں ایران اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماں نے ایران اور وسیع تر خطے میں ابھرتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ایران کے خلاف بلاجواز حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کشیدگی میں فوری کمی پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ بحران کے پرامن اور مذاکراتی حل کے لیے سفارتی عمل کی فوری بحالی ناگزیر ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تنازع کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتکاری ہی واحد مثر راستہ ہے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔واضح رہے کہ اسرائیل اور امریکا نے ایران پر حملہ کردیا ہے، جس کے جواب میں ایران نے اسرائیل پر بھی میزائل داغے ہیں۔
