Saturday, February 28, 2026
ہومتازہ ترینوزیراعلیٰ بلوچستان کی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی رہائش گاہ آمد، بڑے بھائی کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار تعزیت

وزیراعلیٰ بلوچستان کی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی رہائش گاہ آمد، بڑے بھائی کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار تعزیت

اسلام آباد:(سب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے بڑے بھائی کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔


وزیراعلیٰ بلوچستان نے مرحومہ کے انتقال پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کی اور مرحومہ کی مغفرت، بلندیٔ درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی۔ انہوں نے لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت و حوصلے کی بھی دعا کی۔


اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ان کی آمد اور ہمدردی کے جذبات ان کے خاندان کے لیے باعثِ تسلی و اطمینان ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔


وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی پارلیمانی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایوانِ بالا میں ان کا کردار قابلِ قدر ہے اور وہ صوبہ بلوچستان کی مؤثر آواز کے طور پر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔