دوحہ(سب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے اعلی سطحی وفد نے ملاقات کی جس میں پاک۔قطر تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی روابط کو مسلسل فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دینے میں قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے فعال کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان، قطر کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے۔انہوں نے نجی شعبے کو دوطرفہ شراکت داری کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے اس کی مرکزی حیثیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں لاجسٹکس، توانائی اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور حالیہ اصلاحاتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار اور محفوظ کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ملاقات کے دوران معروف کاروباری شخصیت شیخ فیصل بن قاسم الثانی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اقتصادی تعاون کو عملی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور قطر کے کاروباری اداروں اور تاجروں کے درمیان براہِ راست روابط کو مزید آسان اور موثر بنایا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز کی قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات، اقتصادی تعاون کے فروغ پر زور
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
