اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی اور یورپین کمشنر میگنس برنر نے رابطہ کیا ۔ اطالوی وزیر داخلہ اور یورپین کمشنر نے اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی مذمت کی۔اطالوی وزیر داخلہ اور یورپین کمشنر نے دہشت گردانہ حملے میں جانی نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔
اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ المناک واقعہ کی خبر سن کر گہرا دکھ ہوا۔ اٹلی کی حکومت اور اپنی جانب سے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ جاں بحق افراد کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔اٹلی ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مذمت کرتا ہے۔دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے اٹلی تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
یورپین کمشنر نے کہا کہ ہماری دعائیں متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔دکھ کی گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر اطالوی وزیر داخلہ اور یورپین کمشنر کا شکریہ اداکیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان دنیا کے لئے ایک ڈھال ہے۔آج دنیا کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے عالمی سطح پر مضبوط اقدامات کی ضرورت ہے۔
