اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے )نے جناح ٹائون (این ایچ ایف )ہائوسنگ اسکیم زون فائیو کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ، شوکاز نوٹس لے آوٹ پلان کی خلاف ورزی پر جاری کیا گیا ہے
جس میں کہا گیا ہے کہ 26مئی 2010کو نیشنل ہائوسنگ فائونڈیشن کی 2550کنال کی ہائوسنگ اسکیم جناح ٹائون زون فائیو کا لے آئوٹ پلان منظور کیا گیا تھا تاہم لے آئوٹ پلان کی شرائط و ضوابط کو آج تک پورا نہیں کیا گیا ۔ نیشنل ہائوسنگ فائونڈیشن پر فیسوں اور جرمانے کی مد میں 21کروڑ 87لاکھ 97ہزار روپے کی رقم واجب الاداہے جو فوری طور پر جمع کروائی جائے
سی ڈی اے کے این او سی کے بغیر ہائوسنگ اسکیم کی طرف سے ترقیاتی کام جاری رکھنا سی ڈی اے آرڈیننس کی خلاف ورزی ہے ، 7روز میں شوکاز نوٹس کا جواب نہ دیا گیا تومذکورہ ہائوسنگ سوسائٹی کے تمام غیرقانونی تعمیراتی کاموں کو رکوا کرانہیں مسمار کر دیا جائے گا ۔
