اسلام آباد(آئی پی ایس )اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیر اعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری ڈاکٹر عشرت حسین کی ملاقات۔ملاقات میں معاشی ترقی، ادارہ جاتی اصلاحات کی اہمیت سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات انتہائی اہمیت کی حامل سمجھی جاتی ہیں،ادارہ جاتی اصلاحات اداروں کو مستحکم اور زیادہ منافع بخش بنانے کے لیے ضروری ہے،سرکاری اداروں میں اصلاحات کے بغیر فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، کفایت شعاری اور سخت مالیاتی نظم و ضبط کو اپنا کر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپنے اخراجات میں خاطر خواہ کمی کی ہے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے گزشتہ مالی سال میں ایک ارب 38اعشاریہ9 ملین روپے کی بچت کر کہ قومی خزانے میں جمع کرائی ہے،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے نمایاں بچت حکومت کی کفایت شعاری کی پالیسی کے عین مطابق ہے قومی اسمبلی کی یہ بچت قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مالی سال 2020-21 کے کل بجٹ کا 26اعشاریہ4 فیصد ہے، گزشتہ مالی سال میں کی جانے والی بچت قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی تاریخ میں سب سے بڑی بچت ہے۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری نے اسپیکر قومی اسمبلی کے کفایت شعاری کے اقدامات اور عوامی پیسے کو بچانے کے لیے کی جانے والی خصوصی کوششوں کو سراہا۔ ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں ادارہ جاتی اصلاحات لانے کے لیے پالیسیاں بنا رہی ہے،ادارہ جاتی اصلاحات سے ملک کی معاشی ترقی کی راہ ہموار ہوں گی،ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اداروں کو فعال اور مستحکم بنانا ناگزیر ہے،ادارہ جاتی اصلاحات سے ملک معاشی طور پر مضبوط ہو گا، حکومت نے سرکاری سطح پر کفایت شعاری مہم کے تحت قومی خزانے کے اربوں روپے کی بچت کی ۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرسے ڈاکٹر عشرت حسین کی ملاقات
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
