راولپنڈی،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم نے افغان امن عمل کے لیے ہر ممکن کوشش کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے، قربانی کا بکرا تلاش کرنے سے اجتناب برتیں ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ(آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت دو روزہ کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں داخلی سیکیورٹی، بیرونی خطرات اور خصوصا افغانستان کی صورت حال پر غور کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں افغانستان میں ہونے والی تازہ پیشرفت پر تفصیلی غور کیا گیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ اجلاس میں پاک افغان بارڈر میں بدلتی صورت حال پر بات چیت اور بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سرحد کنٹرول کے حوالے سے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔کانفرنس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ ہم نے افغان امن عمل کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے ، معاملات کے حل کیلئے آئندہ بھی سنجیدہ کوششیں کرتے رہیں گے۔سپہ سالار نے زور دیا کہ ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے تمام فریقین مثبت کردار ادا کریں ، افغانستان میں دیرپا امن خطے کا استحکام ثابت ہوگا، غلط فہمیاں پھیلانے، قربانی کا بکرا تلاش کرنے سے اجتناب برتنا چاہیے ،سازشی عناصر کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں ملک کو درپیش کثیر النوعیت چیلنجز کا جائزہ بھی لیاگیا، جن سے نمٹنے کیلئے قومی حکمت عملی اختیارکرنیکی ضرورت پر زور دیا گیا۔آرمی چیف نے کرونا سے نمٹنے کیلئے فارمیشنز کے تعاون کوسراہا اور مون سون، انسداد پولیو مہم کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کا سراہا۔انہوں نے عسکری حکام کو ہدایت کہ کہ سرحدوں کی نگرانی انتہائی چوکس ہونی چاہیے، پاک افغان سرحد پر لیے جانے والے اقدامات بارڈر مینجمنٹ پالیسی کا حصہ ہیں۔ آرمی چیف نے بارڈر کنٹرول کے لیے موثر اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
افغان امن عمل کی ہر ممکن کوشش کی،قربانی کا بکرا تلاش کرنے سے اجتناب برتیں، آرمی چیف
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
