لاہور،لاہور میں وزیراعلی پنجاب کی گاڑی کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں نامزدصوبائی وزیر اسد کھوکھر کا بھائی مبشر کھوکھر جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا ، وزیراعلیٰ کی سیکیورٹی نے فائرنگ کرنے والے ملزمان کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پنجاب کے نامزد وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی ولیمے کی تقریب میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی موجودگی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں اسد کھوکھر کا بھائی مبشر کھوکھر جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا ۔عینی شاہد ین کے مطابق وزیراعلی واپسی کیلئے کار میں بیٹھے ہی تھے کہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جبکہ فائرنگ کا واقعہ وزیراعلی کی کار سے چند گز کے فاصلے پر ہوا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ دو حملہ اورگھات لگاکرگیٹ پرموجود تھے، نامزد صوبائی وزیر سمیت تینوں بھائی وزیراعلی پنجاب کوگیٹ پرچھوڑنے آئے تھے کہ ملزمان نے فائرنگ کردی۔وزیراعلی کے اسٹاف نے فائرنگ کرنے والے ملزم کوپکڑلیا جسے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد دعوت ولیمہ منسوخ کردی گئی جبکہ یہ تقریب ڈیفنس میں فارم ہائوس میں منعقد ہورہی تھی، شادی کی تقریب میں فائرنگ کے وقت صوبائی وزرا سمیت اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعلی پنجاب سے بات ہوئی ہے، وہ خیریت سے ہیں اور رہائش گاہ پر موجود ہیں۔انہوں نے لکھا کہ حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کے بالکل قریب آ کر فائرنگ کی۔ وزیراعلی کی سکیورٹی نے حملہ آور کو قابو میں لے کر گرفتار کیا۔ بدقسمتی سے اسد کھوکھر کے بھائی اس حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی اسد کھوکھر کو دوبارہ صوبائی وزیر بنانے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیاتھا۔خیال رہے کہ اسد کھوکھر سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے خالی کردہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 168 پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی جانب سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی گاڑی کے قریب فائرنگ ،نامزد وزیر کا بھائی جاں بحق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
