واشنگٹن: ایران کے خلاف جاری امریکی بحری ناکہ بندی کے دوران امریکی افواج نے مشرقِ وسطیٰ میں 130 تجارتی جہازوں کا رخ موڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق کارروائی کا مقصد ان جہازوں کی نقل و حرکت روکنا تھا جو مبینہ طور پر امریکی احکامات کی خلاف ورزی کررہے تھے یا ایران سے متعلق مشکوک سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
سینٹ کام کے مطابق 130 تجارتی جہازوں کو راستہ تبدیل کرنے پر مجبور کرنے کے علاوہ امریکی افواج نے ایسے تین جہازوں کو ناکارہ بھی بنایا جو مبینہ طور پر امریکی احکامات پر عمل کرنے سے انکار کررہے تھے۔
امریکی فوج کے مطابق گزشتہ 12 ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر 13 تجارتی جہازوں کو تباہ کیا گیا، یہ جہاز یا تو امریکی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کررہے تھے یا پھر مبینہ طور پر ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے اربوں ڈالر مالیت کے خفیہ مالیاتی اور تجارتی نیٹ ورک کا حصہ تھے۔
امریکی حکام کے مطابق ایران سے متعلق پابندیوں کے نفاذ اور سمندری راستوں کی نگرانی کے لیے خطے میں بحری کارروائیاں جاری ہیں، ان کارروائیوں کے دوران تجارتی جہازوں کی شناخت، راستہ تبدیل کرنے کے احکامات اور مبینہ خلاف ورزیوں پر کارروائی کی جارہی ہے۔
ایران کے خلاف امریکی بحری اقدامات ایسے وقت میں جاری ہیں جب خلیج فارس، آبنائے ہرمز اور بحیرۂ عرب میں تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت پہلے ہی علاقائی کشیدگی سے متاثر ہے۔
ان سمندری راستوں سے عالمی سطح پر تیل اور دیگر اہم اشیا کی بڑی مقدار منتقل ہوتی ہے، اس لیے کسی بھی بحری محاذ آرائی سے عالمی تجارت اور توانائی کی منڈی پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
امریکی فوج کی جانب سے تجارتی جہازوں کی تعداد، ان کی شناخت اور انہیں تباہ یا ناکارہ بنانے سے متعلق تمام دعووں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔ ایرانی حکام کی جانب سے ان مخصوص دعووں پر ردعمل بھی سامنے آنا باقی ہے۔
ایران کی ناکہ بندی: امریکا کا 130 تجارتی جہاز موڑنے اور 13 تباہ کرنے کا دعویٰ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
