جہلم (سب نیوز)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان کو ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے رہا کردیا گیا، جیل سے باہر آنے پر پی ٹی آئی کارکنوں نے استقبال کیا، اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے آج ڈی چوک پر احتجاج کے کیس میں ان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کی تھیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان، عظمی خان کے خلاف ڈی چوک احتجاج کیس کی سماعت کی۔عدالت نے علیمہ خان، عظمی خان ضمانت کی درخواستیں منظور کرلیں، عدالت نے 20، 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عمران خان کی دونوں بہنوں کی ضمانتیں منظور کیں۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے علیمہ خان اور عظمی خان کی رہائی کی روبکار جاری کی۔دونوں روبکاریں 9 گھنٹے گزرنے کے بعد جہلم جیل پہنچی تھیں، رہائی کی روبکار لے کر پی ٹی آئی وکلا جوڈیشل کمپلیکس سے جیل پہنچے۔
جس کے بعد اب عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان کو ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے رہائی مل گئی، ان کی رہائی کے موقع پر ڈسٹرکٹ جیل کے باہر پی ٹی آئی کی خواتین اور مرد بڑی تعداد میں جمع تھے، علیمہ خان اور عظمی خان کی فیملی کے لوگ بھی موجود تھے، اس کے علاوہ علیمہ خان کا بیٹا شہروز اور بہن نورین نیازی بھی جیل کے باہر موجود تھے، جنہوں نے ان کا استقبال کیا، پولیس کی بھاری نفری جیل کے باہر سیکیورٹی کے لیے موجود تھی۔
عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان کو ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے رہا کردیا گیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
