لاہور (آئی پی ایس )صحافتی تنظیموں اور اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود پنجاب حکومت نے ہتک عزت بل 2024 پنجاب اسمبلی میں پیش کردیا، بل پیش ہونے پر صحافیوں نے پریس گیلری سے واک آوٹ کردیا جبکہ اپوزیشن نے بھی ترامیم جمع کروا دیں۔
پنجاب حکومت نے ہتک عزت بل 2024 ایوان میں پیش کردیا، صوبائی وزیر پارلیمانی امور مجتبی شجاع الرحمان نے بل ایوان میں پیش کیا جبکہ بل پیش ہونے پر صحافیوں نے پریس گیلری سے واک آ ئو ٹ کردیا۔پنجاب حکومت نے صحافتی تنظیموں کی جانب سے بل کو مخر کرنے کی تجویز مسترد کردی۔صحافتی تنظیموں نے آج وزیر اطلاعات پنجاب سے ملاقات میں بل کچھ روز مخر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ذرائع کے مطابق بل کے بارے میں صحافتی تنظیمیں اپنی تجاویز دینا چاہتی ہیں جبکہ اپوزیشن نے بھی ہتک عزت بل کو مسترد کر دیا۔
دوسری جانب اپوزیشن نے بل میں 10 سے زیادہ ترامیم پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دیں۔بل کے تحت بل کا اطلاق پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر ہوگا، جھوٹی اور غیر حقیقی خبروں پر ہتک عزت کا کیس ہو سکے گا، بل کا یوٹیوب ، ٹک ٹاک، ایکس، فیس بک اور انسٹا گرام کے ذریعے پھیلائی جانے والی جعلی خبروں پر بھی اطلاق ہوگا۔ بل کے مطابق کسی شخص کی ذاتی زندگی اور عوامی مقام کو نقصان پہنچانے کے لیے پھیلائی جانے والی خبروں پر قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔
