ہومپنجابپنجاب میں سیکیورٹی صورتحال،سول اور فوجی حکام کی اعلی سطح پر بیٹھک

پنجاب میں سیکیورٹی صورتحال،سول اور فوجی حکام کی اعلی سطح پر بیٹھک

لاہور:آٹھ فروری کو پرامن عام انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی اور کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا کی زیرصدارت پنجاب ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں تین درجاتی سیکیورٹی اور دیگر امور پر اہم فیصلے کئے گئے۔ایوان وزیراعلی میں منعقدہ اجلاس میں عام انتخابات کیلئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ الیکشن کمشنر پنجاب، سیکرٹری داخلہ اور دیگر حکام نے الیکشن انتظامات پر بریفنگ دی۔

چیف سیکرٹری نے اجلاس کو بتایا کہ پولیس، انتظامیہ اور دیگر اداروں کی رہنمائی کیلئے چیک لسٹ اور ہینڈ بک مہیا کر دی گئی ہے۔اجلاس میں بیلٹ پیپرز کی محفوظ نقل وحمل کیلئے پولیس، رینجرز اور فوج کے دستوں کی 3 درجاتی تعیناتی، پولنگ اسٹیشنز کی سکیورٹی، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، کنٹرول رومز اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کے ضابط اخلاق، الیکشن ڈے پر اسلحے کی نمائش اور نقل وحمل کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔سوشل میڈیا پر شرانگیزی پھیلانے والے عناصر کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور گیریژن ایریاز میں سیاسی جلسے، جلوس، جھنڈے اور بینرز لگانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

نگراں وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ ووٹرز کو پرامن ماحول میں حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کرنے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائیں گے۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ مختلف محکموں کے قریبی تعاون سے سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا، امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی پر پورا فوکس ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔