لاہور: (آئی پی ایس) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کاہنہ میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان سے تعزیت کی اور دکھ کی اس گھڑی میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے متاثرہ والدین، خصوصاً سوگوار ماؤں سے ملاقات کی، انہیں گلے لگا کر دلاسہ دیا اور ان کے غم میں شریک ہوئیں، انہوں نے کہا کہ ’’لفظ کم ہیں، غم بہت بڑا ہے‘‘اور دکھی خاندانوں کو یقین دلایا کہ حکومت پنجاب انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔
مریم نواز شریف نے حکومت پنجاب کی جانب سے جاں بحق ہونے والے ہر بچے کے ورثا کیلئے 20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کیلئے 5 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو امدادی چیکس دیئے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دکھی ماؤں کے آنسوؤں کا مداوا کوئی رقم نہیں کر سکتی، تاہم حکومت ہر ممکن طریقے سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کرے گی، ننھے پھولوں کا اس طرح بچھڑ جانا انتہائی دلخراش سانحہ ہے اور حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی رہے گی۔
