جدہ: (خالد نواز چیمہ)
جدہ میں یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ایک پروقار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں ملی نغموں، خوبصورت ٹیبلوز، کوئز اور مختلف دلچسپ سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان سے محبت، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبات کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر سمیرہ عزیز تھیں، جبکہ پروگرام کی آرگنائزر ڈاکٹر رخشندہ پوری تھیں۔ ڈاکٹر رخشندہ پوری نے تقریب کو خوبصورت انداز میں ترتیب دیتے ہوئے شرکاء کو جشنِ آزادی کی خوشیوں میں شریک کیا اور پاکستانی خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا۔
تقریب کے دوران قومی پرچم لہرا کر پاکستان کی آزادی کی خوشی کا اظہار کیا گیا، جبکہ ملی نغموں اور ٹیبلوز نے ماحول کو ملی جذبے اور حب الوطنی سے بھر دیا۔ شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
مہمانِ خصوصی ڈاکٹر سمیرہ عزیز نے تقریب کے شاندار انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنی قومی اور ثقافتی روایات کو زندہ رکھتے ہوئے نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ، آزادی اور قومی اقدار سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
تقریب میں خواتین کی جانب سے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا گیا اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے والی شرکاء کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔ اختتام پر پاکستان کی سربلندی، قومی اتحاد اور وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
تقریب کے کامیاب انعقاد پر شرکاء نے ڈاکٹر رخشندہ پوری کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایسی تقریبات سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو اپنی ثقافت، روایات اور وطن سے محبت کے ساتھ جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
جدہ؛ یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر پروقار تقریب، وطن سے محبت بھی ایمان کا حصہ ہے ڈاکٹر رخشندہ پوری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
