ہومبریکنگ نیوزپنجاب: غیر رجسٹرڈ اسکولوں و اکیڈمیوں کیخلاف کریک ڈائون

پنجاب: غیر رجسٹرڈ اسکولوں و اکیڈمیوں کیخلاف کریک ڈائون

لاہور (آئی پی ایس )ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے پنجاب بھر کے غیر رجسٹرڈ اسکولوں اور اکیڈمیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے نوٹس جاری کرنا شروع کر دیے۔ترجمان کے مطابق ایک ہی دن میں 744 تعلیمی اداروں کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں جبکہ غیر رجسٹرڈ اسکولوں اور اکیڈمیوں کے مالکان کو 3 روز کے اندر اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کروانے کی حتمی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر نے کہا ہے کہ خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ رجسٹریشن ہر نجی تعلیمی ادارے کے لیے لازمی ہے اور رجسٹریشن کے بغیر تعلیمی ادارہ چلانا قانونا جرم ہے، ایسے ذمے دار افراد سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔رانا سکندر کے مطابق غیر رجسٹرڈ تعلیمی ادارہ چلانے پر 3 لاکھ سے 40 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایجوکیشن اتھارٹی کے ریکارڈ کے مطابق سیکڑوں نجی اسکول تاحال غیر رجسٹرڈ ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز 3 روز میں رجسٹریشن نہ کروانے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کریں وزیرِ تعلیم پنجاب نے اعلان کرتے ہوئے مزید کہا کہ تمام اسکولوں کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور اس کے بغیر کوئی تعلیمی ادارہ نہیں کھل سکے گا۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ تمام تعلیمی ادارے فٹنس سرٹیفکیٹ کا حصول یقینی بنائیں اور ایجوکیشن اتھارٹیز اس کی لازمی جانچ بھی کریں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔