اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے انڈونیشیا کے یومِ آزادی کے موقع پر صدر پرابوو سوبیانتو، حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مملکت نے اپنے خط میں کہا کہ یہ تاریخی دن انڈونیشیا کے عوام کے جذبے، استقامت اور عزم کی یاد دلاتا ہے، جبکہ آزادی کے حصول کے لیے جدوجہد میں بانیانِ قوم کی قیادت اور قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان قریبی اور دوستانہ تعلقات مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد، مشترکہ مذہبی اقدار اور دوطرفہ، علاقائی و عالمی سطح پر تعاون پر استوار ہیں۔ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دی ہے۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ صدر پرابوو سوبیانتو کے گزشتہ سال پاکستان کے دورے سے پیدا ہونے والی مثبت رفتار دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرے گی۔
صدر مملکت نے انڈونیشیا کے عوام کے لیے مسلسل امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
