پشاور (سب نیوز)سابق وزیردفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے جھنڈے تلے مزید سیاست نہیں کروں گا۔ تحریک انصاف کا ساتھ چھوڑ چکا ہوں۔پشاور میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں پرویزخٹک نے کہا کہ اولین ترجیح اپنی سیاسی جماعت کا قیام ہے۔ سیاسی رفقا سے مشاورت،فائل ورک جاری ہے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ترجیح اپنی سیاسی جماعت کا قیام ہے لیکن پارٹی نہ بناسکا تو کسی بھی جماعت میں شامل ہوسکتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھ سے منسوب چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف بیانات سے میرا کوئی تعلق نہیں، کل بھی ان کا احترام کرتا تھا آج بھی کرتا ہوں۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف چھوڑنے والے پرویز خٹک کے مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت سے بیک ڈوررابطے جاری ہے اور اس سلسلے میں پارٹی کی اعلی قیادت نے شمولیت کیلئے گرین سگنل بھی دے دیا۔
دوسری طرف سابق وزیراعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے تحریک انصاف سے راہیں جدا کرنے کے بعد الگ جماعت کے قیام کے لیے ملاقاتوں کا سلسلہ تیز کر دیا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن)کی قیادت کے ساتھ رابطے کے حوالے سے بھی اطلاعات ہیں جبکہ پرویزخٹک کی اسلام آباد اور پشاور میں سابق اراکین اسمبلی اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔اس کے علاوہ ن لیگی قیادت کے ساتھ بھی رابطوں اور شمولیت کے معاملات پر مشاورت کی بھی اطلاعات ہیں۔ تاہم، رابطے مکمل ہونے کے بعد وہ اپنی الگ جماعت کے قیام کا اعلان کرسکتے ہیں۔آئندہ چند دنوں کے اندر اس سلسلے میں حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔
پرویزخٹک کی جانب سے نئے سیاسی سفر میں خیبر پختونخوا سے کئی سابق اراکین اسمبلی شریک ہوں گے۔واضح رہے کہ سابق وزیر اعلی و وزیر دفاع پرویز خٹک کو پارٹی کے اندر بغاوت کے الزامات کے تحت تحریک اںصاف سے فارغ کر دیا گیا تھا۔
