ہومپاکستانلاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ،سڑکیں زیر آب، بجلی معطل، 3 افراد جاں بحق

لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ،سڑکیں زیر آب، بجلی معطل، 3 افراد جاں بحق

لاہور میں بدھ کو بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ ایم ڈی واسا غفران احمد کے مطابق شہر میں 10 گھنٹوں کے دوران 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بیشتر علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں صبح سویرے شروع ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار بنادیا تاہم مسلسل بارش کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا، موسلادھار بارش کی وجہ سے متعدد نشیبی علاقے زیر آب آنے سے لوگوں کو آمد و رفت میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مال روڈ، کینال بنک روڈ، کوینز روڈ، موہنی روڈ، گڑھی شاہو، اسلام پورہ اور سمن آباد سمیت کئی شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا۔
شدید بارش کی وجہ سے لیسکو کے 110 فیڈرز ٹرپ کر جانے سے شہر کے کئی علاقوں میں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔
لیسکو حکام کے مطابق شدید بارش کے باعث بجلی بحالی کے کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بارش رکتے ہی بجلی بحالی کا کا شروع کردیا جائے گا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک کے علاقے میں ہوئی، لکشمی چوک میں 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ نشتر ٹاؤن میں 277، قرطبہ چوک میں 270، تاجپورہ میں 218، گلشن راوی میں 268 اور جوہر ٹاؤن میں 260 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ فرخ آباد میں 176 ملی میٹر، اپرمال میں 174، ہیڈ آفس واساگلبرگ میں 172 ملی میٹر، مغلپورہ میں 168 ملی میٹر، چوک نخدا میں 170 اور ائر پورٹ پر 115.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔
دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبائی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو اور واسا کو نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات کردی۔
محسن نقوی نے کہا کہ افسران فیلڈ میں نکل کر نکاسی آب کے کام کی نگرانی کریں، نشیبی علاقوں، شاہراہوں سے نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے کام میں کوتاہی قطعاً قابل قبول نہیں، لہٰذا اسے متعین وقت میں مکمل کیا جائے جب کہ ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے مؤثر مینجمنٹ کی جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔