ہومپاکستانوعدہ کرتاہوں سندھ کے لوگوں کے حالات بہترکرنے کی کوشش کروں گا،وزیراعظم

وعدہ کرتاہوں سندھ کے لوگوں کے حالات بہترکرنے کی کوشش کروں گا،وزیراعظم

سکھر،وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں مافیا سے مقابلہ تھا،اس لئے سندھ میں توجہ نہیں دے سکا،وعدہ کرتاہوں سندھ کے لوگوں کے حالات بہترکرنے کی کوشش کروں گا،18ویں ترمیم کے بعد پیسہ صوبوں کو چلا جاتا ہے، ترقیاتی کام صوبے کی ذمہ داری ہے مگر وفاق کام کر رہا ہے،سود کے باعث بہت بڑی رقم قرض میں چلی جاتی ہے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیراعظم عمران خان سکھر پہنچے ، جہاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ان کا استقبال کیا،جس کے بعد عمران خان آئی بی اے یونیورسٹی سکھر میں کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کیا اور چیک تقسیم کئے ۔وزیراعظم عمران خان نے سکھر میں کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اندرون سندھ آکر خوشی محسوس کررہاہوں،بدقسمتی سے اندرون سندھ کے زیادہ دورے نہ کرسکا ،اندرون سندھ پسماندہ ترین علاقوں میں شامل ہے،قبائلی اضلاع اور بلوچستان میں بہت غربت ہے،سندھ میں لوگ مشکل حالات میں زندگی گزاررہے ہیں،سندھ میں عوام کو بنیادی حقوق میسر نہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ سندھ میں پولیس کے ذریعے عوام پرظلم ہوتا ہے،سندھ میں عوام کوبنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں،سندھ کے عوام بہت پیچھے رہ گئے ہیں،کوشش تھی کہ اندرون سندھ میں بھرپور انتخابی مہم چلاوں،پنجاب میں ہمارا مقابلہ بڑے مافیا کے ساتھ تھا،سندھ میں انتخابی مہم پر صحیح توجہ نہیں دے سکا۔عمران خان نے کہا کہ حکومت میں آئے تو پاکستان قرضوں میں ڈوباہواتھا،ن لیگ نے5سال میں20 ہزارارب روپے کاقرض واپس کیا،ہم نے اڑھائی سال میں 35ہزارارب روپے کاقرض واپس کیا،یہ پیسہ ترقیاتی منصوبوں پرخرچ ہوتاتوپاکستان ترقی کرتا،ہمارے پاس عوام پرخرچ کرنے کیلئے پیسہ نہیں تھا،کھینچ تان کرسندھ کیلئے440ارب کاپیکج بنایا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو ہنرمند بناکراپنے کاروبارکیلئے قرض دیں گے ،نوجوانوں کو بلاسود قرض فراہم کریں گے،نیوزی لینڈ کی آبادی 60لاکھ اور پاکستان کی 22کروڑہے ،نیوزی لینڈمیں پاکستان سے زیادہ کھیلوں کے میدان ہیں،ٹیلنٹ کو کھیلنے کیلئے میدان چاہیئے ہوتاہے۔وزیراعظم نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعدساراپیسہ صوبوں کوچلاجاتاہے،اورجگہوں سے پیسہ نکال کر صوبوں پرخرچ کررہے ہیں، ترقیاتی کام صوبے کی ذمہ داری ہے مگروفاق کام کر رہا ہے،سکھر حیدرآباد موٹر وے سے عوام کو بہت فائدہ ہوگا، لوگوں کو بنیادی سہولیات میسر نہیں، سود کے باعث بہت بڑی رقم قرض میں چلی جاتی ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ کورونا کے باعث لاک ڈاون سے کمزورطبقہ پس گیا،ہم نے سب سے پہلے ملک سے لاک ڈاون ختم کیا ،کمزور طبقے کے ریلیف کیلئے احساس پروگرام لائے،میرٹ پرڈیڑھ کروڑخاندانوں میں رقم تقسیم کی،احساس پروگرام کا33فیصدحصہ سندھ پرخرچ کیا۔عمران خان نے کہا کہ کراچی کے قریب جزیرے پرنیاشہربسانے کامنصوبہ بنایا،منصوبے سے سندھ کے عوام کوروزگارملنا تھا،منصوبے کا منافع سندھ حکومت کودینے کوتیارتھے،جزیرے پر40ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آنی تھی،افسوس سندھ حکومت نے جزائر سے متعلق این او سی واپس لے لیا، اس پر نظرثانی کریں، اس منصوبے سے ملک ہی نہیں صوبے کا بھی فائدہ ہے،یہ دولت کی پیداوار کا بڑا منصوبہ ہے،مقامی افراد کو روزگار ملے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ ایک کروڑ20لاکھ خاندانوں کواحساس پروگرام میں شامل کریں گے،پورے ملک کے عوام کو اپناسمجھتا ہوں،وعدہ کرتاہوں سندھ کے لوگوں کے حالات بہترکرنیکی کوشش کروں گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔