لاہور -مشیر داخلہ و اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء پنجاب میں گمراہ کن بیانیہ بنانے میں مصروف ہیں۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلی چودھری پرویز الہی کو پی ٹی آئی اور ق لیگ کے ارکان اسمبلی کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور وزیراعلی پنجاب کو فی الوقت اعتماد کا ووٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے ۔آئین میں اعتماد کے ووٹ کا طریقہ کار موجود ہے جب بھی ضرورت پڑے گی وزیراعلی اعتماد کا ووٹ لیں گے چونکہ ہمیں اکثریت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنے بندے پورے کرے ۔عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس ارکان اسمبلی کی مطلوبہ تعداد نہیں اس لیے عدم اعتماد کی تحریک جمع کروا کر بھاگ گئے۔گورنر کا وزیراعلی کو اعتماد کے ووٹ کیلئے کہنے کا طریقہ کار درست نہیں تھا ۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ پنجاب میں سودے بازی کیلئے سرگرم ہیں۔مشیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 13 جماعتی ٹولے نے 9 ماہ پہلے خریدوفروخت کی سیاست کی اور اب پھر کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی حالت شدید ابتر ہے مگر پی ڈی ایم ٹولہ لوٹ مار کے تحفظ کیلئے اقتدار سے چمٹا ہوا ہے اور یہ غیر آئینی طریقے سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں۔عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب ایک پیج پر ہیں ,مخالفین اختلافات کی جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔پی ڈی ایم ٹولہ ووٹ خریدنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے مگر ہمارے ممبران ڈٹے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ پنجاب میں سودے بازی کیلئے سرگرم ہے ,عمر سرفراز چیمہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
