اسلام آباد ( آئی پی ایس ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور فلسطین کے درمیان باہمی تجارت کو بہتر کرنے کیلئے دونوں حکومتیں نجی شعبوں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں کیونکہ دونوں کی موجودہ تجارت ان کی اصل صلاحیت کے مقابلے میں بالکل معمولی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہت سی مصنوعات بشمول چاول، ادویات، آئی ٹی پراڈیکٹس و سروسز، کھیلوں کا سامان، ٹیکسٹائل مصنوعات، سنگ مرمر کی مصنوعات اور دیگر فلسطین کی مارکیٹ میں بہتر مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں لہذا انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے مابین مضبوط کاروباری روابط قائم کرنے کیلئے حکومتی سطح پر سہولتی اقدامات کی ضرورت ہے تا کہ تجارت و سرمایہ کاری سمیت باہمی تعاون کے تمام ممکنہ مواقعوں سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطینی سفارت خانے کے زیر اہتمام پاکستان اور فلسطین کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لئے منعقدہ ایک زوم میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آئی سی سی آئی کے ممبران ناصر قریشی اور فضلی حنان نے فلسطینی سائیڈ کو پاکستان کی فارماسوٹیکلز کمپنیوں کی جدید ترین مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی جو پوری دنیا کی طرف اپنی معیاری مصنوعات برآمد کررہی ہیں۔آئی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر کریم عزیز ملک نے فلسطینی سائیڈ کو پاکستان کے باسمتی چاول کے اعلی معیار کے بارے میں آگاہ کیا جو جاپان سمیت تقریبا 28 ممالک کو برآمد کیا جاتا ہے۔زوم میٹنگ کے آغاز میں فلسطین کے سفیر احمد ربیع نے پاکستان اور فلسطین کے تمام شرکا کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہی بہترین وقت ہے کہ فلسطین اور پاکستان کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کے لئے نئے مواقع تلاش کئے جائیں۔ انہوں نے فلسطین کو مختلف شعبوں میں تربیت اور دیگر معاونت فراہم کرنے پر بھی پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فلسطین پاکستان کے ساتھ اپنے معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔فیڈریشن آف فلسطین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے خالد موسلیہ نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین اور پاکستان کے مابین دوطرفہ تجارت میں اضافہ کرنے کیلئے تجارت کے تمام ممکنہ چینلز کو استعمال کرنے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لئے باقاعدگی کے ساتھ تجارتی وفود کا تبادلہ کریں اور ایک دوسرے کے ملک میں منعقد ہونے والی تجارتی نمائشوں میں شرکت کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین زیتون کا تیل، کھجوریں، صابن، مٹھائی، سنگ مرمر، ایلومینیم اور کیمیائی مصنوعات سمیت متعدد مصنوعات پاکستان کو برآمد کر سکتا ہے۔ فلسطین کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر پراجیکٹس انجینئر براق جوما اور وزارت زراعت کے ڈائریکٹر جنرل برائے بین الاقوامی تعاون ڈاکٹر ایز الدین ابو عقرقوب نے کہا کہ فلسطین صحت اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین پاکستان سے ادویات اور باسمتی چاول کی درآمد میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سرمایہ کار فلسطین میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ کروناوائرس کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد فلسطین سمیت عرب ممالک کی بزنس کمیونٹی کا ایک وفد پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ کاروباری روابط کے مواقع تلاش کرنے کیلئے پاکستان کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ دونوں اطراف نے پاکستان اور فلسطین کے مابین تجارتی اور معاشی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
باہمی تجارت کیلئے پاکستان اور فلسطین نجی شعبوں سے تعاون کریں، یاسر الیاس
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔