Saturday, November 9, 2024
ہومپاکستانسی ڈی اے مارکیٹوں کو جدید خطوط پر ترقی دینے کیلئے اقدامات کرے، یاسر الیاس

سی ڈی اے مارکیٹوں کو جدید خطوط پر ترقی دینے کیلئے اقدامات کرے، یاسر الیاس

اسلام آباد (آئی پی ایس )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ ستارہ مارکیٹ سمیت اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں کو جدید خطوط پر ترقی دینے پر خصوصی توجہ دے تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں فٹ پاتھ کی مرمت، سڑکوں کی کارپٹنگ، پارکنگ کی سہولت،واٹر سپلائی اور سیوریج کے نظام کی بہتری اور سٹریٹ لائٹس کی بحالی کی ضرورت ہے تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے لہذا انہوں نے سی ڈی اے پر زور دیا کہ وہ ان تمام ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کیلئے مطلوبہ اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے ستارہ مارکیٹ میں ایک فوڈ سٹریٹ کی منظوری دی تھی لیکن ابھی تک اس کی تعمیر نہیں کی گئی لہذا انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے ستارہ مارکیٹ میں جلد فوڈ سٹریٹ تعمیر کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ستارہ مارکیٹ اسلام آباد میں ایک پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کرنے کے بعد تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمن خان، ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی سیون مرکز اسلام آباد کے صدر سید الطاف حسین شاہ صدر، جنرل سیکرٹری راجا اکرام، انجمن تاجراں پاکستان کے صدر اجمل بلوچ، خالد چوہدری، چوہدری عبید اور تاجربرادری کی کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے معاشی ترقی کا عمل بہت متاثر ہوتا ہے اور عوام کو نت نئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے شجرکاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایک سرسبز و شادات پاکستان کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں لہذا تاجر برادری اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر وزیراعظم کے وژن کا بھرپور ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کو آگے بڑھا کر تاجر وصنعتکار اپنے کاروباری مستقبل کا بھی بہتر تحفظ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی آئی سی سی آئی وفاقی دارالحکومت کی مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں شجرکاری مہم کو فروغ دینے کی کوششوں کی قیادت کرے گا تا کہ ان کو مزید سرسبز و شاداب اور ماحول دوستانہ بنایا جا سکے۔ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی سیون مرکز اسلام آباد کے صدر سید الطاف حسین شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کو ایک صاف ستھرا اور سبز ملک بنانا چاہتے ہیں اور ستارہ مارکیٹ سے شجرکاری مہم کا آغاز اسی مشن کو آگے بڑھانے کی طرف ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی سی سی آئی کی قیادت میں اسلام آباد کی تمام ٹریڈ ایسوسی ایشنز مارکیٹوں اور گرین ایریاز میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گی۔آل پاکستان انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے پاکستان میں سیلاب اور درجہ حرارت میں اضافے کے خطرات بڑھ سکتے ہیں جس کے معاشی سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ لہذا انہوں نے پاکستان بھر کی تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور پاکستان کو ماحول دوستانہ ملک بنانے کے لئے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے اور ان کوششوں میں حکومت کا بھرپور ساتھ دے تا کہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔