راولپنڈی(سب نیوز) وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر عمر ایچ اوبا نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے راولپنڈی کی کاروباری برادری کے ساتھ ایک جامع انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی اور ایتھوپیا میں تجارت و سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر روشنی ڈالی۔چیمبر آمد پر صدر آر سی سی آئی نوشیروان خلیل خان، سینئر نائب صدر وسیم اسلم، نائب صدر اکرام الرحمن عباسی اور ایگزیکٹو باڈی کے اراکین نے سفیر کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر سفیر ڈاکٹر عمر اوبا نے چیمبر کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں کاروباری برادری کی ترقی اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں گے۔
کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے ایتھوپیا کے سفیر نے کہا کہ ایتھوپیا دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل ہے اور افریقی منڈیوں تک رسائی کے لیے ایک اہم مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا میں افریقی یونین اور اقوام متحدہ کے اقتصادی کمیشن برائے افریقہ کے ہیڈکوارٹرز بھی قائم ہیں، جو اس کی علاقائی اور عالمی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایتھوپیا میں معاشی اصلاحات کے نتیجے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے متعدد شعبے کھولے گئے ہیں، جبکہ صنعتی پارکس، کم لاگت اور پائیدار بجلی کی دستیابی، علاقائی اقتصادی روابط اور ایتھوپین ایئرلائنز کے ذریعے عالمی فضائی رابطے سرمایہ کاروں کے لیے اہم سہولیات فراہم کرتے ہیں۔سفیر نے ایتھوپین سفارت خانے اسلام آباد کی جانب سے ایتھوپیا کے لیے مجوزہ کاروباری وفد کی تفصیلات بھی شیئر کیں اور راولپنڈی کی کاروباری برادری کو دعوت دی کہ وہ ایتھوپیا کا دورہ کرکے زراعت، زرعی مصنوعات کی پراسیسنگ، مینوفیکچرنگ، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں کاروباری اور سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لے۔
صدر آر سی سی آئی نوشیروان خلیل خان نے سفیر کو چیمبر کی سرگرمیوں، کاروباری ترجیحات اور اہم صنعتی و تجارتی شعبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سفیر کے تعاون پر زور دیا، بالخصوص فارماسیوٹیکلز، سرجیکل آلات، ٹیکسٹائل اور زراعت کے شعبوں میں مشترکہ کاروباری مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔صدر آر سی سی آئی نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ایتھوپیا میں تجارت و سرمایہ کاری کے امکانات سے فائدہ اٹھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنا کر مشترکہ منصوبوں، تجارتی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
