ہومپاکستانپی آئی ایچ آر او اور پاکستان نیشنل کمیشن برائے یونیسکو کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پی آئی ایچ آر او اور پاکستان نیشنل کمیشن برائے یونیسکو کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن (پی آئی ایچ آر او)اور پاکستان نیشنل کمیشن برائے یونیسکو (پی این سی یو)کے درمیان انسانی حقوق، تعلیم، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کر دیے گئے۔
پاکستان نیشنل کمیشن برائے یونیسکو، وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، حکومتِ پاکستان کے تحت کام کرتا ہے۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانا اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مربوط اقدامات کو فروغ دینا ہے۔مفاہمتی یادداشت پر پاکستان نیشنل کمیشن برائے یونیسکو کے سیکرٹری جنرل آفتاب محمد خان نے کمیشن کی جانب سے جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے چیئرمین حبیب ملک اورکزئی نے پی آئی ایچ آر او کی جانب سے دستخط کیے۔
اس شراکت داری کے تحت دونوں ادارے انسانی وقار کے تحفظ، جامع تعلیم کے فروغ، نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے، استعداد کار کی تعمیر اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ تعاون کو فروغ دیں گے۔ اس کے علاوہ انسانی حقوق کے بارے میں آگاہی اور یونیسکو کی بنیادی اقدار کو اجاگر کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔معاہدے کا مقصد مشترکہ منصوبوں، ادارہ جاتی روابط اور تجربات و معلومات کے تبادلے کے ذریعے تعلیمی مواقع کو وسعت دینا، نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور معاشرے میں انسانی حقوق کے شعور کو اجاگر کرنا ہے۔
پی آئی ایچ آر او اور پی این سی یو کے درمیان یہ تعاون انسانی حقوق کے تحفظ، تعلیمی ترقی اور سماجی بہتری کے لیے سرکاری اداروں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے باہمی اشتراک کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔دونوں اداروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بامقصد شراکت داری کو فروغ دینے اور ایسے اقدامات پر کام جاری رکھیں گے جو پاکستان میں انسانی حقوق کے شعور، معیاری و جامع تعلیم اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔