گلگت(آئی پی ایس) نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد کے ذیلی ادارہ برائے پیشہ ورانہ تربیت پروفیشنل ڈیویلپمنٹ سنٹر اور قراقرم کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کے مابین بینک آفیسرز کے پیشہ وارانہ تربیت کیلئے معاہدہ طے پایا گیا ہے۔
اس سلسلے میں قراقرم بینک کے جنرل منیجر سید غلام محمد اور نسٹ پی ڈی سی کے جنرل منیجر سلمان احمد نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ دریں اثناء نسٹ یونیورسٹی کے پروفیشنل ڈیویلپمنٹ سنٹر کے ٹرینر محمد علی اور قراقرم بینک کے ہیومن ریسورس اینلاسٹ رانا اسماعیل جان کے زیر نگرانی بینک ملازمین کو سافٹ سکلز ٹریننگ کے سلسلے میں ایفیکٹیو کسٹمر سروس کے موضوع پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ایک مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔
منفرد اور اپنے نوعیت کے اس تربیتی ورکشاپ میں بینک کے سٹاف ممبران نے عملی طور پر بینک کسٹمرز کے تاثرات،رجحانات اور جذبات کو پرکھنے اور ان سے اسی تناظر میں بہتر برتاؤ کرنے اور معیاری خدمات کی فراہمی پر تربیت حاصل کی۔ قراقرم بینک کے سی ای او سید غلام محمد نے تربیتی سیشن کے شرکاء کو بینک کسٹمرز سے کارپوریٹ ضابطہ اخلاق سے ہم آہنگ برتاؤ، حسن سلوک اور ان کی بہتر خدمت کو اپنا شعار بنا نے کی تلقین کی تاکہ وہ بینک کے بہتر تشخص کو اجاگر کرسکیں اور ہدایت کی کہ آئندہ ملازمین کی کارکردگی جانچنے کے لیے ان کے طرز عمل کو بھی ملحوظ نظر رکھا جائے گا۔
انہوں نے نسٹ یونیورسٹی کے پروفیشنل ڈیویلپمنٹ سنٹر کے جنرل منیجر سلمان احمد، ٹرینر محمد علی اور کوآرڈینیٹر مزمل حسن خان کا شکریہ ادا کیا۔
