انتظامی صلاحیتوں، عوامی خدمت اور تحصیل فتح جنگ کو مثالی بنانے کی کاوشوں کا اعتراف، استحکام پاکستان فاؤنڈیشن کی جانب سے اعلیٰ اعزاز پیش کیا گیا
لاہور: تحصیلدار و سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ فتح جنگ چوہدری شفقت محمود کو شاندار انتظامی خدمات، عوامی فلاح و بہبود، انسانیت کی خدمت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ 2026 سے نواز دیا گیا۔ استحکام پاکستان فاؤنڈیشن (پاکستان) کے زیر اہتمام لاہور میں منعقدہ خصوصی تقریب میں انہیں یہ اعزاز پیش کیا گیا۔
چوہدری شفقت محمود نے اپنی انتظامی صلاحیتوں، محنت، لگن اور عوام دوست طرزِ عمل کے ذریعے تحصیل فتح جنگ میں نمایاں شناخت قائم کی ہے۔ ان کی قیادت میں تحصیل انتظامیہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے، سرکاری امور میں بہتری لانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے۔ ان کی کوششوں کو فتح جنگ کو ایک مثالی اور ماڈل تحصیل بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
بطور تحصیلدار اور سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ انہوں نے سرکاری ذمہ داریوں کی انجام دہی کے ساتھ عوامی مسائل کے حل، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر نگرانی اور انتظامی معاملات میں بہتری کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا۔ ان کا عوامی خدمت کا جذبہ، فرض شناسی، پیشہ ورانہ مہارت اور انتظامی معاملات میں دلچسپی انہیں نمایاں افسران کی صف میں شامل کرتی ہے۔
استحکام پاکستان فاؤنڈیشن کی جانب سے چوہدری شفقت محمود کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دینے کا مقصد ان کی طویل خدمات، مثالی کارکردگی اور معاشرے میں مثبت کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کے لیے خلوص نیت سے خدمات انجام دینے والے افسران قومی اثاثہ ہیں، ایسے افراد کی حوصلہ افزائی نہ صرف ان کی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ دیگر سرکاری افسران کے لیے بھی ایک مثبت مثال ہے۔ چوہدری شفقت محمود کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ملنے پر مختلف سماجی، عوامی اور سرکاری حلقوں کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی۔
