Tuesday, September 17, 2024
ہوماسلام آبادہائی کورٹ کے فیصلے کے بعداسلام آباد اور نواحی علاقوں میں بجلی اور گیس کے میٹرز پر عائد پابندی کا خاتمہ ہو گیا، علی نواز اعوان

ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعداسلام آباد اور نواحی علاقوں میں بجلی اور گیس کے میٹرز پر عائد پابندی کا خاتمہ ہو گیا، علی نواز اعوان

اسلام آباد،وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ وفاقی دارلحکومت اور اس کے نواحی علاقوں میں بجلی اور گیس کے میٹرز پر کوئی پابندی نہیں ہے اور یہاں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح طے شدہ قواعد و ضوابط پورے کر کے بجلی اور گیس کے میٹرز لگنا شروع ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی آئیسکوکے چیف ایگزیکٹو چوہدری عبد الرزاق کے ساتھ ملاقات کے بعد کیا ۔

اس مو قع پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چئیر مین راجہ خرم نواز اور اسلام آباد کے دیہی و شہری علاقوں کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا کہ جمعہ کو ہونے والے اجلاس کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ شہر یا شہر کے نواحی علاقوں میں کہیں بھی بجلی اور گیس کے میٹرز لگنے پر پابندی نہیں ہے اور عوام ملک کے دیگر حصوں کی طرح یہاں بھی طے شدہ دستاویزی شرائط مکمل کر کے بجلی اور گیس حاصل کرنے میں حق بجانب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے وفاقی دارلحکومت کے لوگوں کو بڑی خوشخبری ملی ہے کیوں کہ گزشتہ حکومت کے ایک ایم این اے کی نااہلی کی وجہ سے یہاں کے لوگ اس بنیادی حق سے محروم ہوگئے تھے ۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز نے کہا کہ اس فیصلے سے عوام کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے منتخب نمائندوں نے بھی چین کی سانس لی ہے کیوں کہ ہمیں حلقے میں سب سے زیادہ تنقید اس کی وجہ سے برداشت کرنا پڑتی تھی ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔