اسلام آباد: (آئی پی ایس) پاکستان میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 70 ہزار ہوگئی۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ایچ آئی وی مخصوص گروپس سے نکل کرعام آبادی میں تیزی پھیل رہا ہے، پاکستان میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 70 ہزار ہوگئی ہے، پاکستان کے 79 فیصد افراد ایچ آئی وی سے لاعلم ہیں۔
سابق وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق بچوں میں بڑھتے کیسز نظام صحت کی ناکامی ظاہر کرتے ہیں، ایچ آئی وی اب عام آبادی اور بچوں میں بھی پھیل رہا ہے۔
اسی حوالے سے ڈاکٹر قائد سعید نے کہا کہ غیر محفوظ انجیکشنز اور آلودہ خون پھیلاؤ کی بڑی وجوہات ہیں جبکہ ڈاکٹر رانا جواد اصغر کا کہنا تھا کہ بار بار آؤٹ بریکس نظام صحت کی کمزوری ظاہر کرتے ہیں۔
ماہرین صحت نے یہ بھی کہا کہ بلڈ بینکوں کی نگرانی اور خون کی مکمل اسکریننگ یقینی بنائی جائے، اس کے ساتھ ہی غیر محفوظ انجیکشنز کے خاتمے اور انفیکشن کنٹرول کو مؤثر بنانے کی ضرورت ہے، اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب ذرائع محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی میں ایچ آئی وی مریضوں کے اعدادوشمار کا ڈیٹا نہیں ہے جبکہ بینظیر بھٹو اسپتال میں قائم ایچ آئی وی سینٹر بھی غیرفعال ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ صحت نےایچ آئی وی مریضوں کیلئےکوئی ڈاکٹر تعینات نہیں کیا، اور بینظیربھٹو اسپتال میں ایچ آئی وی سینٹر میں کوئی ڈاکٹر دستیاب نہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈیش بورڈ کی خرابی کے باعث مریضوں کےاعدادوشمار جاری نہیں کیے جا سکے، اڈیالا جیل میں گزشتہ سال 148 ایچ آئی وی مریض رپورٹ ہوئے تھے۔
اس حوالے سے حکام محکمہ صحت نے کہا کہ ایچ آئی وی مریضوں کے اعدادوشمار کل تک جاری کیے جائیں گے۔
